طرحی نعت شریف
روز و شب تھا یہی مدعا آپﷺ کا
عام ہو دینِ حق، ہر جگہ آپﷺ کا
دیکھنا، گو کبھی ہو نہ پایا نصیب
خواب چاہا مگر بارہا آپﷺ کا
خلد جائیں گے اس کی ضیا ہی میں ہم
ہے منور بس اک راستہ آپﷺ کا
معجزے ہوں، کہ ہوں معرکے جنگ کے!
خوب تر ہے، ہر اک واقعہ آپﷺ کا
ذکر میں چند مخصوص غزوے ہی کیوں!
بدر بھی آپﷺکا، کربلا آپﷺ کا
انبیاء، اصفیاء، اولیاء، صالحین!
آفریں آفریں، سلسلہ آپﷺ کا
ہر صحابیؓ کا ہے اپنا اپنا مقام
پر، علیؓ ہاتھ ہے داہنا آپﷺ کا
لاکھ ہونے نہ ہونے میں ہو اختلاف!
دل تو کہتا ہے سایہ نہ تھا آپﷺ کا
0 تبصرے