کتاب سے عشق
تحریر اسلم ڈوگر
پنجاب میں کسی جگہ بھی سفر کریں تو آپ کی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے کام اور تصویر سے ضرور ملاقات ہوتی ہے مگر علامہ عبدالستار عاصم کی کتاب پر ان کی تصویر اور اس کا انتساب ان کے نام دیکھ کر حیرانی ہوئی ۔ کتاب کے عشق میں مبتلا اس دانشور درویش کا خراج عقیدت کچھ حیران سا کر دیتا ہے کیونکہ ہم ایک ایسے معاشرے میں زندگی بسر کر رہے ہیں یہاں سچ کے لئے کڑوا ہونا لازم ہے ہر سچ پر ہم بلا دریغ خوشامد کا لیبل لگا دیتے ہیں۔
گزشتہ چند سالوں سے پبلشنگ کا شعبہ زوال کا شکار ہے مگر علامہ عبدالستار عاصم کو دیکھ کر حیرانی ہوتی ہے کہ کتابوں کے قحط کے اس دور میں وہ دھڑا دھڑ کتابیں شائع کر رہے ہیں اور بڑی خوبصورت اور پاے کی کتابیں شائع کر رہے ہیں اس عہد زوال میں یہاں پبلشر حضرات مایوسی کا شکار ہیں وہاں عاصم کا عزم جوان ہے۔ ان کا شوق اور کتابوں سے عشق دیکھ کر مجھے اکثر سید قاسم محمود یاد آتے ہیں عاصم کاروبار نہیں کر رہے دانش کے جنون کا ایک شہر آباد کر رہے ہیں۔
مریم نواز شریف ،میاں نواز شریف کو حکمرانی میں اپنا آئیڈئیل قرار دیتی ہیں مگر علامہ عاصم نے اپنی کتاب “999 ٹریلین ڈالر کی کتاب” میں دولت سے آگے کا سفر دکھایا ہے۔
اس کتاب میں مریم نواز کو فکر کی نئی شاہراہیں دکھاتے ہوے زیر لب یہ امید کی گئی ہے کہ وہ پاکستان کو عروج سے ہمکنار کروا دیں گی۔ اور اس سلسلے میں وہ ان ایک سو ایک اکابرین کی فکر اور کام کے انداز سے استفادہ کریں گی جنہوں نے دنیا بدل دی تھی۔
علامہ عاصم خواب دینے والے شخص ہیں پاکستان کے عروج کے متعلق ان کے خوابوں کے لئے دعا ہی کی جاسکتی ہے ۔ ان کی یہ کتاب انمول ہے اسے نوجوانوں کے نصاب کا حصہ ہونا چاہیے یہ کتاب نوجوانوں میں ستاروں پر کمند ڈالنے کی نئی امنگ پیدا کرے گی۔
0 تبصرے